75

قصور یونین کونسل10میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے

قصور (میاں خلیل صدیق آرائیں سے)

یونین کونسل10میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔ اجمل داروغہ نے صفائی کیلئے خاکروبوں کے ذریعے گھروں سے ”جگا ٹیکس“ وصولی شروع کردی۔علاقہ مکینوں نے سی او میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لے کر علاقہ میں صفائی ستھرائی کا مسئلہ حل کرنے اور اجمل داروغہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق کرپٹ داروغے اجمل کی نااہلی کے باعث یونین کونسل نمبر10 سٹی قصور کے علاقوں گندم منڈی، گلی نوہریانوالی، بھون مندر،لنڈا بازار، ریلوے روڈ، نیابازار، اردو بازار، لاہوری گیٹ اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔ خاکروب صفائی کرنے ان علاقوں کا رخ نہیں کرتے جب داروغے اجمل سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ خاکروب کو راضی رکھو، صفائی ہوتی رہے گی۔ جو علاقہ مکین خاکروب کو20 یا 50 روپے دے دیتے ہیں ان کے گھروں کے سامنے سے صفائی کر دی جاتی ہے اور جو نہیں کرتے ان کے گھروں کے سامنے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لا کر لگا دیئے جاتے ہیں۔علاقہ مکینوں ظفر یاسین، عبدالوحید اور عبدالرزاق و دیگر کا کہنا ہے کہ خاکروب مہینوں ہمارے علاقوں کا رخ نہیں کرتے اور جب ا ن کو ”خرچہ“ دے دیتے ہیں تو یہ خاکروب صفائی کر دیتے ہیں اگر نہ دیں تو کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لا کر ہمارے گھروں کے سامنے لگا دیتے ہیں۔اجمل داروغے نے خاکروبوں کے ذریعے گھروں سے ”جگا ٹیکس“ وصولی شروع کر رکھی ہے۔اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کو اس مسئلے پر درخواستیں ارسال کر دی ہیں اگر کوئی کارروائی نہ کی گئی تو علاقہ مکین سی او میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے۔کیونکہ اجمل داروغے سے صفائی سے متعلق شکایت کرتے ہیں تو وہ برملا کہتا ہے کہ یہ علاقے میری ذمہ داری میں شامل ہی نہیں ہیں۔اگر میری شکایت کرو گے بھی تو کوئی افسر میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا،صوبائی وزیر بلدیات سے میرے ذاتی تعلقات ہیں۔علاقہ مکینوں نے سی او میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لے کر علاقہ میں صفائی ستھرائی کا مسئلہ حل کرنے اورنااہل و کرپٹ اجمل داروغہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں